واشنگٹن(انٹرنیشنل ڈیسک )امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کل (بدھ) چین کے دورے پر پہنچیں گے، امریکی صدر کے دورہ چین کا شیڈول جاری کر دیا گیا۔
ترجمان وائٹ ہاﺅ س کے مطابق صدر ٹرمپ کے اعزاز میں (جمعرات )کی شب عشائیہ دیا جائے گا، امریکا چین مشترکہ تجارتی سرمایہ کاری بورڈ پر کام کریں گے۔ترجمان وائٹ ہاﺅ س کا مزید کہنا ہے کہ چین اور امریکا کے درمیان ایرو سپیس اور توانائی کے شعبوں پر بات ہوگی۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ چین سے قبل امریکی فضائیہ کے C-17 گلوب ماسٹر III طیارے بیجنگ کیپیٹل انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچ گئے ۔امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ بڑے فوجی ٹرانسپورٹ طیارے ٹرمپ کے دورے کے لیے درکار گاڑیاں، سکیورٹی آلات اور دیگر لاجسٹک سامان لے کر آئے ہیں۔
صدر ٹرمپ آج 13 سے 15 مئی کے دوران چین کا دورہ کریں گے، جسے واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان پیچیدہ تعلقات کے باوجود سفارتی روابط کی نئی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق یہ طیارے امریکی صدور کے دوروں کے لیے سکیورٹی اور آپریشنل تیاریوں کا اہم حصہ ہوتے ہیں۔
ادھر وائٹ ہاﺅ س نے ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک اور ایپل کے چیف ایگزیکٹو ٹِم کک کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے رواں ہفتے ہونے والے دور چین میں شرکت کی دعوت دے دی۔بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق ایک وائٹ ہاﺅ س عہدیدار کا کہنا ہے کہ گولڈمین ساکس کے ڈیوڈ سولومن، بلیک اسٹون کے اسٹیفن شوارزمین، بلیک راک کے لیری فنک، سٹی گروپ کی جین فریزر اور میٹا پلیٹ فارمز کی ڈینا پاول میک کارمک بھی ٹرمپ کے وفد میں شامل ہونے والے اہم کاروباری رہنماﺅ ں میں شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایک درجن سے زائد اعلی کاروباری شخصیات پر مشتمل یہ وفد صدر ٹرمپ کے ساتھ چین جا رہا ہے، جہاں امریکی صدر کو امید ہے کہ بیجنگ کے ساتھ مختلف کاروباری معاہدے اور خریداری کے سمجھوتے طے پائیں گے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ کمپنیوں نے فوری طور پر اس حوالے سے تبصرہ نہیں کیا۔