جے ڈی وینس

صدر ٹرمپ جمعہ سے پہلے ہی ابتدائی معاہدے کی دستاویز جاری کر سکتے ہیں، جے ڈی وینس

واشنگٹن (انٹرنیشنل نیوز)امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جمعہ سے پہلے ہی ایران کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے ابتدائی معاہدے کی دستاویز جاری کر سکتے ہیں۔جے ڈی وینس کا یہ بیان ڈونلڈ ٹرمپ کے اس اعلان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ معاہدے پر پہلے ہی دستخط ہو چکے ہیں۔

وینس نے امریکہ اور ایران کے درمیان طے پانے والے معاہدے کو تقریبا ڈیڑھ صفحہ طویل ایک بہت عمومی دستاویز قرار دیا ہے۔جے ڈی وینس نے فاکس نیوز کو بتایا کہ امریکی صدر اس سے پہلے بھی تہران کے ساتھ معاہدہ جاری کرنے کا فیصلہ کر سکتے ہیں۔وینس نے اس سے قبل سی این این کو بتایا کہ مفاہمت کی یادداشت ایک بہت عمومی دستاویز ہے، اور اس کی بہت سی تفصیلات آئندہ ذاکرات میں طے کی جائیں گی۔وینس کے مطابق دستاویز کے پہلے پیراگراف میں یہ واضح کیا گیا ہے کہ ایران خطے میں امن اور استحکام کے لیے خود کو پابند کرے گا، جس میں دہشت گرد تنظیموں کی مالی معاونت بند کرنا بھی شامل ہے۔

سب سے اہم بات یہ ہے کہ و ہ (ایران )قابلِ تصدیق عہد کریں کہ وہ جوہری ہتھیار نہیں بنائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ اگر ایران معاہدے کی شرائط پر عمل کرے تو اسے 300 ارب ڈالر کے تعمیرِ نو فنڈ تک رسائی حاصل ہو سکتی ہے، تاہم ان کے مطابق یہ فنڈ خلیجی ممالک کی جانب سے فراہم کیا جائے گا۔امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس کو انٹرویو میں وینس نے کہا تھا کہ یہ ایک ایسی چیز ہے جس تک انھیں (ایرانیوں کو) رسائی مل سکتی ہے، جو خلیجی ممالک کے اتحاد کی جانب سے فراہم کی جائے گی، بشرطیکہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں۔ دوسری جانب سینیئر امریکی حکام نے معاہدے کی کچھ تفصیلات شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمعہ کے روز معاہدے پر باضابطہ طور دستخط ہوں گے اور اس ہی روز آبنائے ہرمز دوبارہ کھول دی جائے گی۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ٹرمپ فرانس میں جی سیون سربراہ اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں جہاں ایران کے متعلق ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوگا۔ اس خصوصی اجلاس میں مصر، قطر اور متحدہ عرب امارات کے رہنما بھی شرکت کریں گے۔امریکی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام پر تکنیکی مذاکرات اس ہفتے شروع ہونے کی توقع ہے، جبکہ پابندیوں میں نرمی یا اثاثوں کی واپسی کا دارومدار اس بات پر ہوگا کہ ایران معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرتا ہے یا نہیں۔اگرچہ ٹرمپ نے پہلے کہا تھا کہ معاہدے کی تفصیلات جمعہ کی تقریب کے بعد جلد جاری کی جائیں گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں