صدر مملکت

صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا معرکہ حق کی پہلی سالگرہ پر قوم اور مسلح افواج کو خراجِ تحسین

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے معرکہ حق کی پہلی سالگرہ پر قوم اور مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت، حکمتِ عملی اور جراتمندانہ فیصلوں کو معرکہ حق کی کامیابی میں کلیدی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور امن پسند ریاست ہے، دشمن کی جارحیت کا بھرپور مگر متوازن جواب دے کر دنیا کو اپنی دفاعی صلاحیت کا پیغام دیا۔

ایوان صدرِ کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھواور پاک فضائیہ کے شاہینوں کی غیرمعمولی مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا ہے۔ انہوں نے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف اور بحری افواج کی مکمل آپریشنل تیاری اور دفاعی صلاحیتوں کو قومی سلامتی کیلئے قابلِ فخر قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور امن پسند ریاست ہے، دشمن کی جارحیت کا بھرپور مگر متوازن جواب دے کر دنیا کو اپنی دفاعی صلاحیت کا پیغام دیا ہے

۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کا مسئلہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کی کوشش آبی دہشت گردی ہے ، پانی کروڑوں پاکستانیوں کی زندگی کا مسئلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان اپنی سرزمین پاکستان اور خطے کے دیگر ممالک کے خلاف دہشت گردی کیلئے استعمال نہ ہونے دے، بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردی کا مکمل خاتمہ خطے کے امن کیلئے ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں سے پاکستان خطے میں توازن اور استحکام کی علامت بن کر ابھرا ہے، ایران۔امریکہ تنازع کے پْرامن حل کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اور مسلح افواج ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے اور وطنِ عزیز کے دفاع کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ لکھیں