لاہور(نمائندہ خصوصی)صوبائی وزیر صحت نے وزیراعلیٰ کو انسداد ڈینگی مہم اورہسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجے کے بارے میں آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ کی انسدادڈینگی مہم بھر پور طریقے سے جاری رکھنے کی ہدایت۔وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کی نگہداشت پرپوری توجہ دی جائے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ڈینگی کے مرض پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھارہی ہے۔معاشرے کے ہر طبقے کی انسداد ڈینگی مہم میں شمولیت ضروری ہے۔وزیر اعلی نے کہا کہ کمیونٹی کے فعال کردار کے باعث اس مرض کو جلد قابو پالیں گے۔لاہورکے 6بڑے ہسپتالوں میں مریضوں کو علاج معالجے کی سہولتیں بہتر بنائی جائیں گی میو،جناح،گنگارام،جنرل،سروسز اورچلڈرن ہسپتال کی ایمرجنسیزکو اپ گریڈ کیا جائے گا۔وزیر اعلی نے کہا کہ ایمرجنسیزمیں مریضوں اورانکے تیمارداروں کی رہنمائی کیلئے مخصوص یونیفارم میں عملہ تعینات کیاجائے گا۔
ہسپتالوں کے اندراورباہررہنمائی کیلئے بورڈزلگائے جائیں گے۔پارکنگ کی سہولتوں اورصفائی کے انتظامات کو بہتر بنائیں گے۔مریض اوران کے تیماردارکسی بھی مسئلے پر شکایت بھی درج کراسکیں گے۔بڑے ہسپتالوں میں پناہ گاہیں بنائی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال کی مینجمنٹ اورڈاکٹروں کو اچھی کارکردگی پر انعام دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے مریضوں کو معیاری علاج معالجہ فراہم کرنے کے لئے اقدامات پرجلد سے جلد عملدرآمد کی ہدایت بھی کی۔
سیکرٹری سپشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میدیکل ایجوکیشن بھی اس موقع پر موجود تھے