اسلام آباد (نیوز ڈیسک)صدرِ مملکت آصف زرداری نے قطر کے سابق امیر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔ صدر مملکت نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، حکومتِ قطر اور قطری عوام سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے قطر کی ترقی، خوشحالی اور خطے میں امن و استحکام کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ صدر آصف علی زرداری نے مرحوم کے درجات کی بلندی، مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیخ حمد بن خلیفہ نے قطر اور پاکستان کے دوستانہ تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ حمد بن خلیفہ کی خطے کے امن کے لیے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔