شیخوپورہ(محسن شاد سے)لاک ڈاؤن کے دوران شیخوپورہ میں روزانہ کی بنیاد پر ہونے والی پتنگ بازی کے نتیجہ میں 22 سالہ نوجوان گلے میں ڈور پھرنے سے جان بحق ہوگیا.
تفصیلات کے مطابق شیخورہ میں روڈ پر جاتے ہوئے کٹی پتنگ کی ڈورسے نوجوان کی گلے کی نس کٹ گئی۔ ڈور اس قدر تیز تھی کہ گلے پر پھرنے کے ساتھ ہی نوجوان کے جسم سے خون کی ندی بہنا شروع ہوگئی اور سڑک خون سے لت پت ہوگئی جب اس ناگہائی واقعہ کی اطلاع اسکے اہلخانہ کو ملی تو ان پر سکتہ طاری ہوگیا اور ہنستا بستا گھر قیامت صغریٰ میں تبدیل ہوگیا۔
بتایا گیا ہے کہ جمیل ٹاؤن کا رہائشی متوفی اظہر حسین کسی کام کی غرض سے موٹر سائیکل پر سوار ہو کر شرقپور روڈ پر جارہا تھا کہ فیصل آباد روڈ مونو منٹ چوک میں اچانک اس کے گلے پر ڈور پھر گئی جس سے اسکی شہہ رگ کٹ جانے کے باعث موقع پر ہی اسکی موت واقع ہوگئی واقعہ کی اطلاع ملتے ہیں قرب و جوار کے سینکڑوں لوگ، راہگیر، پولیس اور یسکیو 1122کا عملہ موقع پر پہنچ گیا جنہوں نے نعش کو تحویل میں لیکر ہسپتال پہنچایا، واضح رہے کہ شیخوپورہ میں لاک ڈاؤن کے دوران بے تحاشا پتنگ بازی کا سلسلہ جاری ہے جسے روکنے میں پولیس مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی اسی پتنگ بازی کے نتیجہ میں گزشتہ روز مذکورہ نوجوان بھی جان بحق ہوگیا اور حالیہ دنوں میں ڈور پھرنے سے زخمی ہونے والوں کی تعداد بھی ایک درجن سے زائد بتائی گئی ہے، پولیس کے مطابق پتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے درجنوں پتنگ بازوں، پتنگ سازوں اور پتنگ فروشوں کو گرفتار کرکے مقدمات درج کئے جاچکے ہیں۔