اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ شکست کے خوف سے ن لیگ جان بوجھ کر آزاد کشمیر کے انتخابی عمل کو متنازع بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔
اپنے ایک بیان شیری رحمان نے کہا کہ کشمیری عوام باشعور ہیں، وہ اپنا فیصلہ خود کرنا جانتے ہیں، کشمیری عوام اور پاکستان پیپلز پارٹی کا رشتہ آج کا نہیں بلکہ برسوں پر محیط ہے، اگر کشمیری عوام پیپلز پارٹی کو ووٹ دینا چاہتے ہیں تو ن لیگ کو اس پر اعتراض کیوں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایل اے 12 میں مسلح افراد کے داخل ہونے کی اطلاعات انتہائی تشویشناک ہیں، ن لیگ کی طرف سے بے بنیاد الزامات کے باوجود ایل اے 10 کا انتخابی عملہ تبدیل کیا گیا، ن لیگ اوچھے ہتھکنڈوں سے عوامی مینڈیٹ نہیں چھین سکتی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہر قسم کے دبا کے باوجود کشمیری عوام اپنا فیصلہ خود کریں گے، جمہوریت کی فتح عوام کے آزاد فیصلے میں ہے، ن لیگ جو مرضی ہتھکنڈے استعمال کر لے، کامیابی پاکستان پیپلز پارٹی کی ہوگی۔