لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے تمام بورڈز کا میٹرک کا نتیجہ بیک وقت ڈکلئیر کردیا۔ میٹرک کا رزلٹ آن لائن کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شفاف نتائج دے کر ہم نے وزیر اعلی پنجاب کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ اس موقع پر وزیر تعلیم نے تمام بورڈز کو پوزیشن ہولڈرز کے نقد انعام کی رقم 20ہزار سے بڑھا کر ایک ایک لاکھ روپے کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ طلباء کی حوصلہ افزائی کیلئے انعامی رقم بڑھائی ہے جبکہ انہوں نے اس موقع پر پوزیشن ہولڈر طلبا میں نقد انعام کے ساتھ ساتھ لیپ ٹاپ بھی تقسیم کئے۔ رزلٹ ڈکلئیرکرنے اور تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے کہا کہ اس بار نتائج کی تیاری میں نئی ٹیکنالوجی متعارف کروائی گئی ہے۔
رزلٹ کارڈ بھی ہارڈ پرنٹ کی بجائے طلباء آن لائن حاصل کر سکیں گے۔ نجی سکولوں کے طلباء تعلیمی اداروں کے پورٹل سے رزلٹ کارڈ لے سکیں گے جبکہ حاصل کئے جانے والے رزلٹ کارڈز ویریفائیڈ ہوں گے، طلبا کو تصدیق کروانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ طلباء کی سہولت کے لئے اے آئی چیٹ بورڈ بھی متعارف کروا دیا گیا ہے جس پر وہ مطلوبہ معلومات لے سکیں گے اور انہیں بورڈ آفس کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ بورڈز کو ڈیجیٹلائز کرنے کی طرف گامزن ہیں۔
پیپرز چیکنگ کا سٹینڈرڈ بہتر کرتے ہوئے آئندہ سال سے مکمل سکرین مارکنگ کی طرف جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سنٹرلائزڈ چیکنگ کا نظام بھی مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔ اگلے سال سے طلباء کیو آر کوڈ کی مدد سے اپنا پیپر ری چیک کرنے کی سہولت بھی حاصل کر سکیں گے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ بوٹی مافیا کا 95فیصد خاتمہ کر دیا ہے۔ اس مرتبہ کسی نے نہیں کہا کہ سنٹرز بکے ہوئے ہیں یا کسی سے پرچہ حل کروانے کے پیسے لئے گئے ہیں۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ آج سرکاری یونیورسٹیوں میں طلبا کی انرولمنٹ بڑھ رہی ہے جو پبلک سیکٹر پر طلباء کے اعتماد کا اظہار ہے۔
٭٭٭٭٭