کراچی (کھیل)پاکستان کے فاسٹ بولر شاہنواز دھانی ایمرجنگ ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف پرفارم کر کے ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم میں جگہ بنانا چاہتے ہیں۔
ایک انٹرویومیں پاکستان شاہینز کے فاسٹ بولر شاہنواز دھانی نے کہا کہ کوشش کروں گا کہ بھارت کے خلاف اچھا کھیل پیش کروں کیونکہ میں بھارت کے خلاف پرفارم کر کے ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کے لیے ٹیم میں واپس آنا چاہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ایمرجنگ ایشیا کپ ایک اہم ٹورنامنٹ ہے، قومی ٹیم میں کم بیک کے لیے ضروری ہے، یہاں آپ اچھا پرفارم کر کے کم بیک کر سکتے ہیں۔
شاہنواز دھانی نے کہا کہ میری بدقسمتی تھی کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آغاز میں ہی میری انگلی فریکچر ہو گئی تھی اور میں ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا حالانکہ پی ایس ایل ایک بہت بڑا ٹورنامنٹ ہے اور اس میں پرفارم کر کے آپ قومی ٹیم میں بھی آ سکتے ہیں۔
فاسٹ بولر نے کہا کہ جب فٹ ہوا تو پھر محنت کی، کھیل میں واپسی آسان نہیں تھی لیکن ہمت نہیں ہاری، زمبابوے اے کے خلاف 16 وکٹیں لیں۔انہوںنے کہاکہ زیادہ فاسٹ بولرز کا ہونا پاکستان کے لیے اچھا ہے، ماضی میں چار پانچ فاسٹ بولرز ہی ٹیم کے ساتھ ہوتے تھے لیکن اب زیادہ فاسٹ بولرز ہیں۔
شاہنواز دھانی نے کہا کہ احسان اللّٰہ اور زمان خان کا میرے ساتھ ہی نہیں سب کے ساتھ مقابلہ ہے، جو محنت کرے گا اور پرفارم کرے گا وہی قومی ٹیم میں آئے گا۔انہوںنے کہاکہ میں اپنا بیک گراونڈ نہیں چھپاتا، یہ ایک قدرتی چیز ہے، گاؤں جا کر خوش ہوتا ہوں، گاؤں میں، میں جو کچھ کرتا رہا ہوں اب بھی واپس جا کر وہی کچھ کر کے لطف اندوز ہوتا ہوں۔واضح رہے کہ 24 سالہ شاہنواز دھانی 2 ون ڈے اور 11 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔