لاہور(کرائم رپورٹر) سی آئی اے پولیس غازی آباد میں زیر حراست ملزم کی فائرنگ سے چار افراد کے زخمی ہونے کا معاملہ،،،فرار ہونے والا ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔
پولیس کے مطابق سی آئی اے ماڈل ٹاؤن اورسول لائن پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ملزم آصف ہلاک ہوگیا۔ پولیس خفیہ اطلاع پرملزم کو دوبارہ گرفتارکرنے گئی جہاں پر دوبارہ ملزم نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی۔ جوابی فائرنگ میں آصف پیٹ میں فائرلگنے سے ہلاک ہوگیا۔
پولیس کےمطابق ملزم کے تین ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے۔ بدھ کو سحری کے وقت ملزم آصف سی آئی اے سول لائنز کی حراست سے فرار ہوگیا تھا مزاحمت پرفائرنگ کرکے اس نے دو ملازمین سمیت چار افراد کو زخمی کردیا تھا۔ سی آئی اے پولیس نے ملزم کو چند گھنٹوں میں ٹریس کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزم آصف کو قتل کی تفتیش کےلیے حراست میں لیا گیا تھا ملزم نے اہلکارسے پسٹل چھین کرفانرنگ کی تھی جس سے اصغر،ریاض ،سعید اورعلی رضا زخمی ہوگئے تھے جن کا سروسز ہسپتال میں علاج جاری ہے۔
ترجمان انویسٹی گیشن پولیس کے مطابق ملزم نے چند عرصہ قبل پروفیسر ذوالفقار شاہ کو ہلاک کیا تھااورکئی پولیس افسران اوراہلکاروں کوجان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی تھی۔ملزم نے کوثر خان کو اغوا کے بعد قتل کرکے لاش نہرمیں پھنک دی تھی آصف نے پولیس اہلکار کے بھائی کو شاہدرہ میں فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔
ایس پی سی آئی اے کے مطابق ملزم آصف قتل اوراقدام قتل کے متعدد مقدموں میں ملوث تھا۔