اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے خیسورہ اور دوسالی میں انٹیلیجینس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے شمالی وزیرستان میں 9 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ ایک کو زندہ گرفتارکرلیا گیا ہے۔
آپریشن کے دوران پاکستان آرمی کےدو جوان شہید ہوگئے جن کے جسد خاکی انکے آبائی گائوں پہنچا دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں 29 سالہ لانس نائیک عبدالوحید اور33 سالہ سپاہی سکم داد شامل ہیں۔ دونوں شہدا کا تعلق مظفر آباد اور ایبٹ آباد سے ہے۔
لانس نائیک عبدالوحید کے تین بیٹے اور ایک بیٹی جبکہ سکم داد کا ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے۔
گزشتہ ہفتے شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں نامعلوم دہشت گردوں نےسیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں ایک سپاہی شہید اور 3 جوان زخمی ہوئے جبکہ جوابی کارروائی میں 5 دہشت گرد بھی مارے گئے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید حوالدار اکبر حسین کا تعلق آزادکشمیر کے علاقے دھیر کوٹ ضلع باغ سے تھا سیکیرٹی فورسز کا علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا تھا۔