سپریم کورٹ

سپریم کورٹ، ایم کیو ایم کے رکن آصف کٹو کی سزائے موت عمر قید میں تبدیل

اسلام آباد(کورٹ نیوز) سپریم کورٹ نے قتل کیس میں ایم کیو ایم کے رکن آصف کٹوکی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کردیا۔ سپریم کورٹ میں چار پولیس اہلکاروں کے قتل کیس کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے بڑا فیصلہ سناتے ہوئے ایم کیو ایم کے کارکن آصف کٹو کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کر دیا۔عدالت نے شواہد کی کمزوری کو سزا میں کمی کی بنیاد قرار دیا ہے۔

وکیل پراسیکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ مجرم آصف کٹو نے 2015 میں کراچی چورنگی کے مقام پر اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا تھا، جس کا جرم ثابت ہو چکا ہے۔دوسری جانب وکیلِ صفائی نے موقف اختیار کیا کہ لیبارٹری رپورٹ پازیٹو ہونے کے باوجود مجرم کا حلیہ اور نام ایف آئی آر میں درج تفصیلات سے مطابقت نہیں رکھتا۔وکیل نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ مجرم کو پہلے سے جیل میں ہونے کے باوجود غیر قانونی طریقے سے گرفتار دکھایا گیا تھا اور وہ دیگر مقدمات میں پہلے ہی بری ہو چکا ہے۔

کیس کی سماعت کرنے والے جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس دیے کہ ریکارڈ پر موجود شواہد ایسے نہیں کہ مجرم کی پھانسی کی سزا کو برقرار رکھا جا سکے۔عدالت نے شواہد کی کمی اور قانونی سقم کے باعث سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں