جوبا(انٹرنیشنل نیوز)جنوبی سوڈان کے دارالحکومت جوبا کے نواحی علاقے میں ایک سیسنا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں پائلٹ سمیت تمام 14 افراد ہلاک ہو گئے۔
امریکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جنوبی سوڈان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بتایا کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب سیسنا 208 کاراوان طیارہ یئی سے جوبا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی طرف جا رہا تھا۔ اتھارٹی کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں 13 مسافر اور ایک پائلٹ سوار تھا۔
پرواز نے صبح 9:15 پر اڑان بھری اور 9:43 پر اس کا رابطہ منقطع ہو گیا، اور 20 کلومیٹر جنوب مغرب میں گر کر تباہ ہو گیا۔طیارے میں سوار افراد میں 2 کینیا اور باقی تمام مسافر جنوبی سوڈان کے شہری تھے۔ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حادثہ ممکنہ طور پر خراب موسم اور حدِ نگاہ میں کمی کے باعث پیش آیا۔












