کراچی(ایجوکیشن ڈیسک) سندھ کے 6 اضلاع میں سرکاری اسکولوں میں فیشل ریکگنیشن اٹینڈنس مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن سسٹم (فریمز)کا باقاعدہ نفاذ کل 17 اگست سے کیا جائے گا۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ کی جانب سے سرکاری اسکولوں میں فریمز کے آغاز کے انتظامات مکمل کرلئے گئے اور پائلٹ مرحلے کے لئے صوبے کے ہر ڈویژن سے ایک ضلع منتخب کیا گیا ہے، جس میں تدریسی عملے کے ساتھ نان ٹیچنگ اسٹاف کی حاضری بھی مانیٹر کی جائے گی۔پہلے مرحلے میں کراچی ایسٹ، حیدرآباد، نوشہروفیروز، جیکب آباد، گھوٹکی اور عمرکوٹ کے اضلاع شامل ہوں گے۔ ڈیجیٹل موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے اساتذہ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کی حاضری فیشل ریکگنیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے مانیٹر کی جائے گی۔
صوبائی وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ فریمز کی شروعات پائلٹ اقدام کے طور پر 6 اضلاع سے کی جا رہی ہے۔ کامیاب پائلٹ مرحلے کے بعد فریمزکو مرحلہ وار سندھ کے تمام اضلاع تک توسیع دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس ایپلیکیشن کو یوزر فرینڈلی بنایا گیا ہے، جبکہ ممکنہ تکنیکی مسائل کی نگرانی، نشاندہی اور بروقت حل کے لیے بھی باقاعدہ میکنزم وضع کیا گیا ہے۔سردار علی شاہ کا کہنا تھا کہ ایپلیکیشن صرف حاضری کا نظام نہیں بلکہ طلبہ کے اس حق کو یقینی بنانے کا ایک مثر ذریعہ ہے کہ انہیں اسکول میں اساتذہ کی دستیابی حاصل ہو۔ ابتدائی مرحلے میں 6 اضلاع کے 49,565 تدریسی اور نان ٹیچنگ عملے کی حاضری فریمزکے ذریعے مانیٹر کی جائے گی۔
فریمز کے ذریعے حاضری لگانے کے لیے ہر استاد کے پاس ذاتی موبائل فون ہونا ضروری نہیں، استاد ہیڈ ماسٹر یا کسی ساتھی کے موبائل فون سے بھی اپنی حاضری لگا سکتا ہے۔ انٹرنیٹ کی عدم دستیابی کی صورت میں بھی حاضری درج کی جا سکے گی، جبکہ انٹرنیٹ دستیاب ہوتے ہی حاضری خودکار طور پر اپڈیٹ ہو جائے گی۔حاضری کے لیے اسکول میں آنے اور جانے/ اِن اینڈ آٹ دونوں انٹریز/ داخلہ کرنا لازمی ہوگا۔اساتذہ ایپلیکیشن کے ذریعے اپنی حاضری کا ریکارڈ خود بھی دیکھ سکیں گے اور ماہ کے اختتام پر حاضری کا ریکارڈ ڈان لوڈ بھی کر سکیں گے۔ چھٹی کی صورت میں اساتذہ لیو ریکارڈ کی بنیاد پر دفتر کے چکر لگائے بغیر گھر سے ہی ایپلیکیشن کے ذریعے چھٹی کی درخواست جمع کرا سکیں گے، جس کی منظوری آن لائن دی جائے گی۔
ایپلیکیشن کے مثر استعمال کے لیے انتظامی افسران، اسکول سربراہان اور اساتذہ کی تربیت بھی مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ اسکول سربراہان کو اساتذہ کی رہنمائی اور معاونت کے حوالے سے خصوصی تربیت فراہم کی گئی ہے۔فریمز رجسٹریشن سے رہ جانے والے اساتذہ اور عملے کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ڈائریکٹر جنرل مانیٹرنگ اینڈ ایوالوئشن آفیس سے رابطے میں آ کر حاضری نظام اپ ڈیٹ کروائیں۔ حاضری مانیٹرنگ ایپلیکیشن فریمز ایپل اور انڈرائیڈ دونوں سسٹمز پر دستیاب ہے۔