سرگودھا (نمائندہ خصوصی ) سرگودھا یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل نے بی اے /بی ایس سی ختم کر کے اپنے الحاق شدہ کالجز اور پرائیویٹ طلبہ کیلئے دو سالہ ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام شروع کرنے کی منظوری دیدی،ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام گزشتہ ماہ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے متعارف کرایا جس کا مقصد تعلیمی ضروریات کے ساتھ ساتھ مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق مہارتوں کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے تاکہ نوجوان ڈگری حاصل کرنے کے بعد روزگار میں خود کفیل ہو سکیں،یہ ڈگری پروگرام ایسی افرادی قوت تیار کرنے میں معاون ثابت ہو گا جو اپنی مہارتوں کی بنیاد پر ملکی معاشی ترقی اور فلاح و بہبود میں اہم کردار ادا کرسکے کیونکہ طلبہ فارغ التحصیل ہوتے ہی عملی میدان میں اپنی مہارتوں کو بروئے کار لانے کے قابل ہوں گے۔
یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل نے یہ فیصلہ بھی کیا ہے کہ نصاب میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی اور ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام کے طلبہ کیلئے وہی نصاب رہے گا جو کہ بی اے/بی ایس سی اور بی کام طلبہ کیلئے ہے۔ مزید یہ کہ اس پروگرام کیلئے امتحانی نظام بھی سالانہ اور سپلیمنٹری بنیادوں پر بھی لیا جائے گا۔اکیڈمک کونسل نے ڈائریکٹر اکیڈمکس کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دی ہے جو مستقبل میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ہدایات کی روشنی میں ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام کیلئے نصاب اور امتحانی نظام مرتب کرے گی۔