اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) معروف صحافی اوریوٹیوب پرتحقیقاتی خبروں کے وی لاگز کے حوالے سے شہرت رکھنے والے سید عون شیرازی کو سابق ڈی جی آئی ایس آئی حمید گل کی بیٹی عظمی حمید گل نے 50 کروڑ روپے ہرجانے کا لیگل نوٹس بھیج دیا۔
تفصیلات کے مطابق عون شیرازی نے واران بس سکینڈل کے معاملے پر ایک تحقیقاتی وی لاگ کیا تھا۔ اور اسے اپنے یو ٹیوب چینل عون شیرازی پر اپ لوڈ کیا تھا۔ واران بس ڈپو صدر سے کیے جانے والے اس وی لاگ میں انہوں نے کہا کہ عظمی حمید گل سے یہ جگہ سرکار نے اس لیے خالی کروائی کیونکہ وہ طے شدہ معاہدے پرعمل نہ کر سکیں ، اس کے علاوہ وی لاگ میں بسوں اور ورکشاپس کی حالت زار بھی دکھائی گئی ،عظمی حمید گل نے عون شیرازی کو مذکورہ ویڈیو فوری طور اپنے آفیشل یوٹیوب چینل سے ہٹانے کیلئے 15 دن کی مہلت دی ہے اور ذہنی اذیت دینے اور ساکھ کو نقصان پہنچانے کے معاملے پر 50 کروڑ ہرجانہ بھی طلب کیا ہے۔ اس حوالے سے عون شیرازی نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہیں آج ہی عظمی حمید گل کے وکیل کی جانب سے لیگل نوٹس موصول ہوا ، اس حوالے سے وہ اپنی لیگل ٹیم سے صلاح مشورہ کر رہے ہیں جس کے بعد حتمی لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائے گا۔
چند روز قبل حکومت نے واران ٹریولز کی جگہ کو خالی کرایا تھا جو کہ عظمی گل چلا رہیں تھیں۔