لاہور(کورٹ نیوز )ریاست مخالف ٹویٹ کیس میں پی ٹی آئی کی سوشل ایکٹوسٹس صنم جاوید اور فلک جاوید کے خلاف فردِ جرم عائد نہ ہو سکی۔ایڈیشنل سیشن جج نصرت صدیقی کی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی، تاہم دونوں ملزماں کو جیل سے عدالت میں پیش نہیں کیا گیا، جس کے باعث فردِ جرم کی کارروائی مکمل نہ ہو سکی۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 3 جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ تاریخ پر ملزماں کی پیشی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔واضح رہے کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے )کی جانب سے مقدمے کا چالان عدالت میں جمع کروایا جا چکا ہے۔دوسری جانب ڈیوٹی جج جاوید اقبال سپرا نے آڈیو لیک کیس میں سابق وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے سرنڈر ہوجانے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیئے۔
علی امین اور شریک ملزم اسد فاروق عدالت میں پیش ہوئے ، وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ایک سماعت میں نہ آنے پر علی امین کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے تھے ، علی امین نے عدالت کے سامنے سرنڈر کیا ہے ، عدالت کے رحم وکرم پر ہیں۔عدالت نے درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا اور بعد ازاں وارنٹ گرفتاری منسوخ کرتے ہوئے سماعت 15 جولائی تک ملتوی کردی۔