انسولین

روسی فارما کمپنی کا پاکستان میں 80 ملین ڈالر سرمایہ کاری کا اعلان، انسولین ساز فیکٹری کھولے گی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) روسی فار کمپنی نے پاکستان میں انسولین ساز فیکٹری کھولنے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت کمپنی پاکستان میں 80 ملین ڈالر سرمایہ کاری کرے گی۔

رپورٹ کے مطابق روسی فارماسیوٹیکل کمپنی "زاڈ میڈسنٹ نے پاکستان میں انسولین ساز فیکٹری کھولنے اور ٹیکنالوجی منتقل کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ روسی کمپنی پاکستانی کمپنی "جینیٹکس فارما کے ساتھ مل کر یہ جوائنٹ وینچر شروع کرے گی۔ اس منصوبے کے تحت پاکستان میں مجموعی طور پر 80 ملین ڈالر کی خطیر سرمایہ کاری کی جائے گی، جو دو مراحل میں مکمل ہوگی۔پہلا مرحلے میں دسمبر 2028 تک روسی کمپنی 20 ملین ڈالر کی لاگت سے انسولین فلنگ اور بائیولوجیکل یونٹس تعمیر کرے گی۔دوسرے مرحلے میں دسمبر 2031 تک 60 ملین ڈالر کی مزید سرمایہ کاری سے انسولین کی مکمل تیاری اور خام مال کا پروڈکشن پلانٹ لگایا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ پلانٹ نہ صرف انسولین تیار کرے گا بلکہ اس کا خام مال بھی پاکستان میں ہی تیار کیا جائے گا، جس سے درآمدات پر انحصار کم ہوگا۔روسی کمپنی دوسرے فیز میں انسولین کی تیاری کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی پاکستان منتقل کرے گی، اس مکمل انسولین ساز پلانٹ کے قیام میں 3 سے 5 سال کا عرصہ لگنے کا امکان ہے۔پاکستان میں ذیابیطس کے مریضوں کی بڑی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ مقامی سطح پر انسولین کی تیاری سے نہ صرف ادویات کی قیمتوں میں کمی آئے گی بلکہ پاکستان فارماسیوٹیکل کے شعبے میں خود کفالت کی منزل کی جانب بڑھے گا، اس اقدام سے غیر ملکی زرِ مبادلہ کی بچت اور روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں