راولپنڈی کے تھانہ دھمیال کے علاقے گرجا میں ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں 7 سالہ بچی کی قبر سے میت غائب ہوگئی۔ واقعے کے بعد علاقہ مکین خوف و ہراس کا شکار ہیں اور اعلیٰ حکام سے تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
متوفی بچی کے ماموں کے مطابق بچی کا انتقال 26 اگست کو ہوا تھا۔ تیسرے دن دعا کے لیے قبرستان گئے تو دیکھا کہ کفن باہر پڑا ہوا ہے اور قبر خالی تھی۔ اس پر والدین نے پولیس کو تحریری درخواست دی۔
پولیس کے مطابق فوری طور پر قبر پر سیکیورٹی اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں جبکہ ابتدائی تفتیش میں بظاہر قبر کی بے حرمتی کے شواہد نہیں ملے۔ پولیس نے کہا ہے کہ معزز عدالت کی اجازت کے بعد قبرکشائی کی جائے گی تاکہ اصل حقائق سامنے لائے جا سکیں۔ واقعے کی مکمل تحقیقات کے بعد قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔









