راولپنڈی(نیوز ڈیسک)سکول سے گھر جانے والی طالبات سے نازیبا حرکات کرنے میں ملوث 3ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، جن میں سے ایک کو زخمی حالت میں حراست میں لیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان اپنے ساتھیوں کے ہمراہ طالبات کو ہراساں کرتے تھے اور ان کے خلاف متعدد شکایات سامنے آئی تھیں، کارروائی کے دوران ملزمان نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی ہو گیا اور بعد ازاں اسے گرفتار کر کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، زخمی ملزم کی شناخت محمد شیراز کے نام سے ہوئی ہے۔
حکام نے بتایا کہ ملزمان کا تعلق نیو چاکرہ کے علاقے سے ہے اور ان کے قبضے سے اسلحہ اور واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی گئی ہے۔پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف اقدام قتل، مزاحمت اور دیگر متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔












