ویسٹ انڈیز

دوسرے ٹیسٹ کا پہلا دن، ویسٹ انڈیز کے 5 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز

ٹرینڈا (انٹرنیشنل نیوز) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے اور آخری مقابلے کے پہلے دن میزبان ٹیم نے محتاط اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنا لیے۔ ٹاس جیتنے کے بعد ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد بارش کے باعث کھیل کا آغاز تقریبا 15 منٹ کی تاخیر سے ہوا۔

ابتدائی سیشن بھی موسم کی نذر رہا اور صرف 9.5 اوورز ہی کرائے جا سکے جن میں پاکستان کو واحد کامیابی تیج نرائن چندرپال کی وکٹ کی صورت میں ملی جو 15 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔دوسرے سیشن میں پاکستانی بولرز نے میچ میں واپسی کی کوشش کرتے ہوئے مزید تین کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔برینڈن کنگ 46، کیوم ہوج 10 اور عامر جنگو 26 رنز بنا کر آٹ ہوئے تاہم ویسٹ انڈیز نے اسکور کو آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا۔تیسرے سیشن میں محمد علی نے شائے ہوپ کو 29 رنز پر آﺅٹ کرکے اپنی دوسری وکٹ حاصل کی۔

ہوپ اور جسٹن گریوز کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے 53 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی جس نے میزبان ٹیم کی پوزیشن مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ بعد ازاں خراب روشنی کے باعث مقررہ وقت سے قبل ہی پہلے روز کا کھیل ختم کر دیا گیا۔دن کے اختتام پر ویسٹ انڈیز نے 74 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنا رکھے تھے۔جسٹن گریوز 64 اور کپتان روسٹن چیز 36 رنز کے ساتھ ناٹ آٹ تھے اور دوسرے دن اپنی ٹیم کا اسکور مزید آگے بڑھانے کے لیے کریز پر موجود ہوں گے۔

پاکستان کی جانب سے محمد علی نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ساجد خان، ڈیبیو کرنے والے عبید شاہ اور علی عثمان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آٹ کیا۔پاکستانی ٹیم اس میچ میں چار تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں اتری، جہاں عبداللہ شفیق، اویس ظفر، ساجد خان اور عبید شاہ کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا۔اویس ظفر اور عبید شاہ نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا جنہیں بالترتیب بابر اعظم اور محمد عباس نے ڈیبیو کیپ پہنائی۔واضح رہے پہلے میچ میں پاکستان کو 90 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں