نیویارک(نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ممالک کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ محسن نقوی نے نیویارک میں سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو اس وقت مختلف چیلنجز اور مسائل کا سامنا ہے، جن سے نمٹنے کےلئے عالمی تعاون ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کو پرامن رکھنے کے لیے ممالک کو ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنا ہو گا اور تنازعات کے پرامن حل کے لئے مشترکہ کوششیں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال سے جرائم کے خاتمے میں اہم کردار ادا کیا جا سکتا ہے، جبکہ ممالک کو ایک دوسرے کے تجربات اور کامیابیوں سے سیکھنے کی ضرورت ہے، خطے کے ممالک کو باہمی تعاون کو فروغ دینا ہو گا تاکہ عوام کے جان و مال کا بہتر تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور جرائم کے خلاف موثر حکمت عملی اختیار کی جا سکے۔
وزیر داخلہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پولیس افسران کی پیشہ ورانہ تربیت پر خصوصی توجہ دینا ہو گی، جبکہ معلومات کے تبادلے اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ دنیا اور خطے میں امن برقرار رکھنے کے لیے تمام ممالک کو مشترکہ کردار ادا کرنا ہو گا۔محسن نقوی نے پاکستانی امن دستوں کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عالمی امن کے قیام کے لیے پاکستانی امن دستوں کا کردار اور قربانیاں بے مثال ہیں۔