لاہور(نیوز ڈیسک)پنجاب سیڈ کارپوریشن کے مینیجنگ ڈائریکٹر نوید شہزاد مرزا نے کہا ہے کہ کسانوں کی جانب سے پنجاب سیڈ کارپوریشن کا تصدیق شدہ اور معیاری بیج استعمال کرنے کے باعث رواں سال گندم کی شاندار پیداوار حاصل ہوئی، وزیراعلی پنجاب کے زرعی انقلاب کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کیلئے وزیر زراعت اور سیکرٹری زراعت کی قیادت میں جدید تحقیق اور زرعی ٹیکنالوجی کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ گندم، مکئی ، کپاس اور دیگر اجناس کے ساتھ ساتھ دالوں اور چارہ جات کے بیجوں پر بھی خصوصی ریسرچ جاری ہے تاکہ پیداوار میں نمایاں اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ موسمی تبدیلیوں اور جدید زرعی تقاضوں کے مطابق نئی اقسام کے بیج متعارف کرائے جا رہے ہیں تاکہ کسان کم لاگت میں زیادہ منافع حاصل کر سکیں۔
ایم ڈی پنجاب سیڈ کارپوریشن نوید شہزاد مرزا نے کہا کہ کسان ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کے ساتھ رابطوں کا ایک موثر نظام ترتیب دیا جا رہا ہے۔فیلڈ ٹیمیں کسانوں کی رہنمائی کیلئے متحرک ہیں جبکہ جدید زرعی معلومات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔ نوید شہزاد مرزا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن صوبے میں زرعی خودکفالت اور خوشحال کسان کے خواب کو حقیقت بنانے کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کرتی رہے گی۔