اسلا م آباد (نیوز رپورٹر)پی ٹی آئی رہنما اور قومی اسمبلی کی پبلک اکاونٹس کمیٹی کے چیئرمین جنید اکبر نے کہا ہے کہ خواجہ آصف میں جنرل (ر)قمر جاوید باجوہ کے خلاف کارروائی کی ہمت ہی نہیں ہے، کیوں کہ جنرل (ر)قمر جاوید باجوہ کی وجہ سے ہی پی ٹی آئی کی حکومت گری تھی،سربراہ جے یو آئی( ف) مولانا فضل الرحمن کو ہماری جماعت اور ہماری جماعت کو ان کی جماعت سے کچھ تحفظات ہیں جنہیں ہم دور کرنا چاہتے ہیں،
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جنید اکبر کا کہنا تھا کہ قمرباجوہ یا فیض حمید نے کچھ غلط کیا ہے تو خواجہ آصف اس پر کارروائی کریں، ہم انھیں سپورٹ کریں گے، تاہم انہوں نے کہا کہ حکومت میں کارروائی کرنے کی ہمت ہی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو ہماری جماعت اور ہماری جماعت کو بھی ان کی جماعت سے کچھ تحفظات ہیں، ہم مولانا کے تمام تحفظات دور کرنا چاہتے ہیں، ہم بانی پی ٹی آئی عمران خان تک دونوں جماعتوں کا موقف پہنچائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں مولانا فضل الرحمان اپوزیشن اتحاد میں شامل ہوں، ہم مزاحمت کی سیاست نہیں کرنا چاہتے لیکن ہمیں ایسا کرنے پر مجبور کیا گیا ہے، ہم سیاسی لوگ ہیں سیاسی ڈائیلاگ پر یقین رکھتے ہیں، جب ہمیں سیاسی سرگرمی نہیں کرنے دینگے تو پھر ہم سے کیا امید رکھیں گے۔جنید اکبر نے کہا کہ ہم امریکا سے بلکل امید نہیں لگا کے بیٹھے تھے، ہمیں بائیڈن انتظامیہ کے کردار پر تحفظات تھے۔









