کراچی (نمائندہ خصوصی ) خام تیل سے لدا ایک اور روسی جہاز کلائیڈ نوبل کراچی پورٹ پہنچ گیا۔ روسی جہاز خام تیل کے ساتھ بندرگاہ کی حدود میں لنگرانداز ہوگیا۔
جہازکی برتھنگ پلان فائنل ہوتے ہی جہاز کوآئل پیئرپرلانے کے کام کا آغازمتوقع ہے۔ جہاز فی الوقت آٹراینکرایج میں لنگراندازہے جو کراچی پورٹ کی حدود کہلاتی ہے، تمام جہاز پہلے آٹر اینکریج پر پہنچتے ہیں، آٹراینکریج سے کے پی ٹی کا پائلٹ جہازکو پورٹ چینل میں لاکربرتھنگ کراتا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ایک روسی خام تیل بردار جہاز کراچی پہنچا تھا، 183 میٹر لمبے روسی جہاز پیور پوائنٹ میں تقریبا 45 ہزار میٹرک ٹن تیل لدا تھا۔