پاکستانی شوبز کی دنیا میں ایک بار پھر اخلاقی ذمے داری کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا جب معروف میزبان و اداکارہ جگن کاظم نے نوجوان اداکارہ علیزے شاہ سے سرِعام معافی مانگ لی۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں جگن کاظم نے تسلیم کیا کہ انہوں نے ایک سینئر فنکار کے طور پر غیر مناسب رویہ اختیار کیا، جس پر انہیں شدید افسوس ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کا ارادہ کبھی بھی کسی کے جذبات مجروح کرنے کا نہیں تھا، لیکن اگر علیزے شاہ کو ان کی باتوں سے دکھ پہنچا ہے تو وہ دل سے معافی کی طلبگار ہیں۔ جگن کاظم کا ندامت بھرا انداز مداحوں کو بھی متاثر کر گیا، جنہوں نے اس معذرت کو ایک مثبت قدم قرار دیا۔
یہ ویڈیو بیان اس وقت سامنے آیا جب علیزے شاہ نے ایک تقریب کے دوران پیش آئے ناخوشگوار واقعے پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ معروف گلوکارہ شازیہ منظور نے انہیں جان بوجھ کر دھکا دیا اور گرایا، جبکہ جگن کاظم نے اس واقعے پر طنزیہ ردعمل دیا جس سے وہ دلبرداشتہ ہوئیں۔
واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی، جہاں صارفین نے سینئر فنکاروں کے رویے پر سوالات اٹھائے۔ تاہم جگن کاظم کی بروقت معذرت نے ماحول کو قدرے معتدل کر دیا ہے۔









