میرپورخاص(نیوز ڈیسک)ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئیر اور وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مصطفی کمال پرنام لئے بغیرتنقید کرتے ہوئے کہا ایم کیو ایم میں جو لوگ عہدے مانگتے ہیں، وہ جوتیاں رگڑتے رہ جاتے ہیں۔ میرپورخاص میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کوئی لسانی جماعت یا مہاجر لسانی تحریک نہیں ہے، اس تنظیم میں عہدے مانگے نہیں جاتے بلکہ کارکنوں کی جدوجہد اور خدمات کی بنیاد پر ذمہ داریاں دی جاتی ہیں۔انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم میں جو لوگ عہدے مانگتے ہیں، وہ جوتیاں رگڑتے رہ جاتے ہیں۔ ماضی میں ایم کیو ایم میں وہ لوگ بھی تھے جو ڈانٹ کھا کر روزگار اور عہدے لیتے تھے۔
کارکنان خود بتائیں کہ عہدے سازش کرنے والوں کو دئیے جائیں یا ان کو جو عہدے نہیں مانگتے؟انہوں نے شکوہ کیا کہ پاکستان میں عصبیت اور تعصب کی بنیاد پر صوبے بنائے گئے ہیں، یہی وجہ ہے کہ آج ملک کے سارے صوبے لسانیت کے نام سے منسوب ہیں۔
انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ مہاجروں کو اقتدار کی کوئی محتاجی نہیں ہے۔ایم کیو ایم کی عوامی طاقت کا ذکر کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے یاد دلایا کہ ایک وقت ایسا بھی تھا جب پارٹی کا 80 فیصد حصہ جیلوں میں بند تھا، لیکن اس کے باوجود ایم کیو ایم نے بلدیاتی الیکشن جیت کر دکھایا۔انہوں نے مزید کہا ہم نے پاکستان کو بنانے اور اب اسے بچانے کا فارمولا بنا کر بتا دیا ہے ، ایم کیو ایم ملک کے تمام مظلوموں اور محکوموں کا مقدمہ لڑے گی اور ان کے حقوق کےلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔