سیئول(نیوز ڈیسک)جنوبی کوریا کی برآمدات رواں ماہ جون کے پہلے 20 دنوں کے دوران 60.4 فیصد کے نمایاں اضافے کے ساتھ 61.99 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں جس کی بڑی وجہ مقامی طور پر تیار کردہ سیمی کنڈکٹرز کی بڑھتی ہوئی عالمی طلب ہے۔
عرب ٹی وی کے مطابق جنوبی کوریا کی کسٹمز سروس نے پیر کو جاری اعداد و شمار میں بتایا کہ یکم سے 20 جون کے دوران یومیہ اوسط برآمدات 49.7 فیصد اضافے کے ساتھ 4.13 ارب ڈالر رہیں۔
اس عرصے میں سیمی کنڈکٹرز کی برآمدات میں غیرمعمولی 188.4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور ان کا حجم 25.51 ارب ڈالر تک پہنچ گیا جبکہ گاڑیوں کی برآمدات 2.3 فیصد اضافے کے ساتھ 3.74 ارب ڈالر رہیں۔مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث خام تیل کی بلند قیمتوں کے نتیجے میں پیٹرولیم مصنوعات کی برآمدات میں 39 فیصد اضافہ ہوا۔کمپیوٹرز کی برآمدات میں 293.3 فیصد کا نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا اور ان کا حجم 3.07 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔
یہ اضافہ مصنوعی ذہانت کے بنیادی ڈھانچے کی توسیع کے باعث سالڈ اسٹیٹ ڈرائیوز (یس ایس ڈی) کی مضبوط طلب کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق فولادی مصنوعات، بحری جہازوں، موبائل ڈیوائسز اور گھریلو برقی آلات کی برآمدات میں بھی دو ہندسوں پر مشتمل نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب جون کے پہلے 20 دنوں میں درآمدات 23.2 فیصد بڑھ کر 44.49 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جس کے نتیجے میں جنوبی کوریا کا تجارتی سرپلس 17.50 ارب ڈالر رہا۔رپورٹ کے مطابق خام تیل، کوئلہ، چپس، سیمی کنڈکٹر آلات، پریسیڑن مشینری، گاڑیوں اور موبائل ڈیوائسز کی درآمدات میں بھی دو ہندسوں پر مشتمل اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔