بلاول بھٹو

جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ضروری ہے‘ بلاول بھٹو

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 13 جولائی 1931 کے شہدائے کشمیر کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں سرینگر میں شہید ہونے والے 22 کشمیریوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے،انہوں کہا کہ شہدائے کشمیر کی قربانیاں امن، انصاف اور حقوق کے حصول کی صورت میں رنگ لائیں گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 13 جولائی 1931 کے شہدا کے لہو نے کشمیری عوام کی جمہوری، سیاسی اور انسانی حقوق کے لیے طویل جدوجہد کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے کشمیر کی قربانیاں دنیا کو یہ پیغام دیتی ہیں کہ عزت، انصاف اور اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کی خواہش کو طاقت کے زور پر دبایا نہیں جا سکتا۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ پارٹی بھارتی زیرِ انتظام جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اعادہ کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اسی وقت ممکن ہے جب مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور پرامن حل کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق تلاش کیا جائے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا مسئلہ کشمیر پر موقف مشعلِ راہ ہے، جبکہ پیپلز پارٹی آئندہ بھی کشمیریوں کے حقِ خودارادیت اور بنیادی انسانی حقوق کی حمایت جاری رکھے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں