لاہور (زاہد انجم سے)انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ کے مرکزی چیئرمین محمد ناصر اقبال خان نے کہا ہے کہ لاہور جنرل ہسپتال لاہورمیں شعبہ آؤٹ ڈور کی سیکنڈشفٹ شہریوں کیلئے ایک نعمت ہے،روزانہ بڑی تعداد میں لوگ اس سہولت سے مستفید ہورہے ہیں۔
جو شہری اپنی نجی مصروفیات کے سبب دن کے وقت اپنے میڈیکل ایشوز کے سلسلہ میں صبح کے اوقات میں آؤٹ ڈورمیں نہیں جاسکتے وہ اپنے دفاتر سے چھٹی کے بعد شام والی شفٹ کافائدہ اٹھاسکتے ہیں۔ جنرل ہسپتال کے انسان دوست اورپروفیشنل پرنسپل پروفیسر سردار محمدالفرید ظفرناداروں اوربیماروں کی فلاح کیلئے کوشاں ہیں۔
ایل جی ایچ میں میسر طبی سہولیات میں مزید جدت کیلئے پروفیسر محمدالفرید ظفر کی دوررس اصلاحات کے ثمرات سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ اپنے ایک بیان میں محمدناصراقبال خان نے مزید کہا کہ پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں جنرل ہسپتال لاہور وہ واحدسرکاری ہسپتال ہے جہاں شہریوں کی سہولت کیلئے شعبہ آؤٹ ڈورمیں سیکنڈ شفٹ شروع کی گئی ہے۔
پنجاب سمیت چاروں صوبوں کے سرکاری ہسپتال لاہور جنرل ہسپتال کی تقلید کرتے ہوئے اپنے اپنے شعبہ آؤٹ ڈور میں سیکنڈ شفٹ کی شروعات کریں۔انہوں نے کہا کہ اس ہوشربا مہنگائی کے دورمیں لاہور جنرل ہسپتال کے شعبہ آؤٹ ڈور کا شہریوں کو جدید طبی سہولیات کے ساتھ ساتھ مفت ادویات فراہم کرنا یقینا مستحسن اقدام ہے۔