لاہور(نمائندہ خصوصی) ڈائریکٹر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) پنجاب محمد علی وسیم کی خصوصی ہدایات اور احکامات پر این سی سی آئی اے ملتان نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے سوشل میڈیا ایپس کے ذریعے مالی فراڈ، جعلی انعامی اسکیموں اور پارسل ڈلیوری کے نام پر شہریوں کو لوٹنے میں ملوث مبینہ اوڈ گینگ کے دو کارندوں کو گرفتار کر لیا۔ یہ کارروائی ڈائریکٹر پنجاب محمد علی وسیم کی جانب سے سائبر فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے سلسلے کی اہم کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔
این سی سی آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان علی رضا ولد محمد بلال اور محمد اسلم ولد محمد اشرف، سکنہ خانیوال، سوشل میڈیا ایپس کے ذریعے شہریوں سے رابطہ کرتے اور انہیں انعامی رقم، عطیات یا قیمتی تحائف جیتنے کا جھانسہ دیتے تھے۔ ملزمان خود کو کسٹم افسران اور پارسل ڈلیوری اہلکار ظاہر کرکے متاثرین کو مختلف ٹیکسوں، کلیئرنس فیس اور دیگر جعلی چارجز کے نام پر رقوم منتقل کرنے پر آمادہ کرتے تھے۔
ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 105/26 مورخہ 24 جون 2026، پیکا ایکٹ 2016 (ترمیم شدہ 2025) اور پاکستان پینل کوڈ کی مختلف دفعات کے تحت درج کیا گیا۔ این سی سی آئی اے ملتان نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عدنان کی نگرانی میں چک نمبر 157/10-R، تحصیل جہانیاں، ضلع خانیوال میں کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کیا۔ کارروائی کے دوران دو موبائل فون بھی برآمد کیے گئے ہیں جنہیں فرانزک تجزیے کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر این سی سی آئی اے پنجاب محمد علی وسیم نے کارروائی کو ادارے کی بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ سائبر فراڈ، آن لائن دھوکہ دہی اور شہریوں کی جمع پونجی لوٹنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو دھوکہ دے کر لوٹنے والے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور ایسے جرائم میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔