ٹوکیو (نمائندہ خصوصی) پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ جاپان کے ساتھ تعلقات کا فروغ چاہتے ہیں۔
جاپان کے درالحکومت ٹوکیو میں وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے جاپانی ہم منصب کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں کہا کہ بطور وزیرِ خارجہ جاپان کا پہلا دورہ ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ جاپان کے ساتھ سرمایہ کاری، تجارت، آئی ٹی، سیاحت اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں، متاثرینِ سیلاب کی مدد پر حکومتِ جاپان کے شکر گزار ہیں۔ وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان جاپان کو افرادی قوت مہیا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے جاپانی ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت دیتا ہوں، پاکستانی عوام جاپان کے لیے اچھے جذبات رکھتے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ اسکلڈ فورس کے تبادلے کے لیے پاکستان میں لینگویج اسسمنٹ ٹیسٹ کی سہولت پر اتفاق ہوا ہے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ سولرائیزیشن، ڈی سیلی نیشن اور واٹر پیوریفکیشن کے شعبے میں جاپان کے ساتھ مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا ہے کہ دورے میں نجی شعبے کے افراد سے بات چیت کروں گا، نجی شعبہ دو طرفہ تعلقات میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔