پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثناء میر نے ایک اور سنگِ میل عبور کرلیا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے انہیں کرکٹ کی دنیا کے سب سے بڑے اعزاز، ہال آف فیم میں شامل کرلیا ہے، اور یوں وہ یہ مقام حاصل کرنے والی پاکستان کی پہلی خاتون کھلاڑی بن گئیں۔
یہ اعلان لندن کے تاریخی ایبے روڈ اسٹوڈیوز میں ہونے والی ایک خصوصی تقریب کے دوران کیا گیا، جہاں آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے سات نئے کھلاڑیوں کو ہال آف فیم میں خوش آمدید کہا۔
اس اعزاز پر گفتگو کرتے ہوئے ثناء میر کا کہنا تھا:
"آج ان لیجنڈز کے ساتھ کھڑے ہونا جنہیں میں نے بچپن میں رول ماڈل مانا، ایک ایسا لمحہ ہے جس کا تصور بھی نہیں کیا تھا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اعزاز ان کے لیے باعثِ فخر ہے اور وہ چاہتی ہیں کہ کرکٹ کے میدان میں اپنی خدمات سے کھیل کو کچھ لوٹا سکیں۔
ثناء میر نے اپنے محدود اوورز کے کیریئر میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے مجموعی طور پر 240 وکٹیں حاصل کیں اور 2432 رنز اسکور کیے۔
اس فہرست میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں آسٹریلیا کے میتھیو ہیڈن، جنوبی افریقا کے ہاشم آملہ اور گریم اسمتھ، بھارت کے ایم ایس دھونی، نیوزی لینڈ کے ڈینیئل ویٹوری، اور انگلینڈ کی سارہ ٹیلر شامل ہیں۔