رائیونڈ(تنویر سیال) تھانہ رائیونڈ میں تعینات دو ایس ایچ اوز یکے بعد دیگر ایک ہفتے کے دوران کورونا وائرس کے مریض بن گئے۔ دونوں کو قرنطینہ سنٹر منتقل کرکے علاج شروع کردیا گیا ہے۔ جبکہ ابوزر کھو کھر کو ایس ایچ او رائیونڈ کا چارج دے دیا گیا ہے
تفصیلات کے مطابق تھانہ رائیونڈ کے ایس ایچ او سید ثقلین شاہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر انہیں قرنطینہ منتقل کردیا گیا تھا سابق ایس ایچ او ثقلین شاہ نے چند روز قبل ہی رائیونڈ کے محصورین میں راشن بھی تقسیم کیا تھا جس کے بعد ان کی جگہ قائم مقام ایس ایچ او حیدر علی نے چارج سنبھالا تو ایک ہی روز بعد ان کی رپورٹ بھی مثبت آ گئی جس سے تھانہ کے باقی عملے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ دوسری طرف تھانہ اور ایس ایچ او کے کمرہ کو تاحال سیل نہیں کیا گیا ایس ایچ کے زیر استعمال گاڑی پر بھی معمول کا گشت جاری ہے جس کی وجہ سےمزید وائرس کے پھیلنے کا خدشہ موجود ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز کی جانب سے تھانہ رائیونڈ کے ایس ایچ او کا چارج سب انسپکٹر ابو زر کھوکھر کو دے دیا گیا ہے جو اپنی ذمہ داریاں سنبھال رہے ہیں۔
واضع رہے کہ رائیونڈ و گردونواح میں کورونا کے مریض سامنے آنے کے بعد رائیونڈ کو مکمل لاک ڈاون کر کے ریڈ زون ایریا قرار دے دیا گیا تھا تبلغی مرکز میں کورونا کے دوسو سے زائد کیسز سامنے آنے پر وہاں قرنطینہ سنٹر بنا دیا گیا تھا۔ جہاں پر تمام افراد کو رکھا گیا ہے۔ فرنٹ لائن پر لڑنے والے ڈاکٹرز کے بعد اب پولیس افسران واہلکار بھی کورونا سے متاثر ہورہے ہیں۔ اب تک پنجاب پولیس کے 25 ملازمین میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے جبکہ مجموعی طور پر 60 ملازمین کے ٹیسٹ کرائے گئے تھے