کراچی(نمائندہ خصوصی) سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈانے کہاہے کہ توشہ خانہ تحائف چھپانے پر مزید سیاستدانوں کو سزا ہو سکتی ہے،
عوام تمام سیاسی جماعتوں کو آزما چکے ہیں، اب ان سے جان چھڑانی ہوگی۔خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیرفیصل واوڈا نے کہا کہ اس ملک میں قیاس آرائیاں بہت ہوتی ہیں، نگراں وزیراعظم کے نام پر سنجیدہ گفتگو ابھی ہوئی ہی نہیں، شہباز شریف اسمبلی کی تحلیل کے 2 سے 3 دن وزیراعظم ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ملک چلانے والوں کی کوئی ساکھ نہیں، عوام تمام سیاسی جماعتوں کو آزما چکے ہیں، ایکسپائر لیڈرز کو کیسے برداشت کریں، ایسے لیڈرز کی اولادوں کو بھی برداشت کرنا پڑے گا، کیا ہمارے پاس کوئی اور چوائس نہیں ہے۔سابق وفاقی وزیر نے کہاکہ 24 کروڑ آبادی میں کیا شفاف قیادت نہیں مل سکتی،
ماضی میں تمام انتخابات میں دھاندلی ہوتی رہی ہے، پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم نے پاکستان کو کیا دیا، سیاست دانوں کو 40 سال کا تجربہ کس کام کا ہے، ان پر بھروسہ کریں جو 30 سال میں مسائل حل نہ کرسکے، ہمیں ان ایکسپائرڈ لوگوں سے جان چھڑانی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی بند گلی میں جاچکے ہیں، عمران خان برے شکنجے میں پھنس چکے ہیں،
چیئرمین پی ٹی آئی الیکشن میں نظر نہیں آرہے، یہ پلان نوازشریف، خواجہ آصف اور شاہد خاقان عباسی پر پورا اترتا ہے، ان سب سیاستدانوں نے توشہ خانہ سے تحائف لیے، عوام کو اور سیاستدانوں کو ماضی نہیں بھولنا چاہیئے، توشہ خانہ تحائف چھپانے پر مزید سیاستدانوں کو سزا ہو سکتی ہے۔