استنبول (شوبز ڈیسک)ترکیہ کی سیکیورٹی فورسز نے صوبہ بورصہ کے ضلع انیگول میں ایک کارروائی کے دوران معروف فلم ڈائریکٹر ایزیل اکائے اور ان کے بھائی، موسیقار ایرین کاظم اکائے کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ یہ کارروائی ڈائریکٹر کے گھر میں غیر قانونی طور پر بھنگ کے پودے اگائے جانے کی خفیہ اطلاع ملنے پر کی گئی۔
ترک خبر رساں اداروں کے مطابق انسداد منشیات ٹیموں نے خفیہ اطلاع ملنے کے بعد ایزیل اکائے کی رہائش گاہ پر پبلک پراسیکیوٹر کی نگرانی میں چھاپہ مارا، جہاں سے بھنگ کے 21 پودے، تقریبا 1.13 کلوگرام خشک ماریجوانا اور بھنگ کی کاشت میں استعمال ہونے والا جدید سامان برآمد کیا گیا۔رپورٹس کے مطابق گھر کے متعدد کمروں اور باتھ روم میں بھنگ کے پودے اگانے کے لیے جدید نظام نصب تھا، جس میں الٹرا وائلٹ لائٹس، وینٹیلیشن سسٹم، درجہ حرارت اور نمی کو کنٹرول کرنے والے آلات شامل تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ سامان گھر کے مختلف حصوں میں نصب تھا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہاں منظم انداز میں بھنگ کی کاشت کی جا رہی تھی۔ برآمد ہونے والا تمام سامان قبضے میں لے کر فرانزک تجزیے کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔کارروائی کے دوران منشیات کی تلاش کے لیے خصوصی تربیت یافتہ پولیس کتے کی بھی مدد لی گئی، جس نے گھر کے مختلف حصوں، الماریوں اور ڈیسک کے درازوں میں رکھے گئے تھیلوں سے منشیات برآمد کرنے میں مدد دی۔
65 سالہ ایزیل اکائے ترکیہ کی فلمی صنعت کا ایک بڑا نام ہیں اور انہوں نے کئی مشہور فلموں کی ہدایت کاری اور پروڈکشن کی ہے۔ وہ سوشل میڈیا پر موجودہ حکومت کی پالیسیوں اور ملک میں آزادی اظہار پر عائد پابندیوں پر تنقید کے حوالے سے بھی جانے جاتے ہیں۔ اپنی گرفتاری سے چند روز قبل ہی انہوں نے ایک سیاسی کیس میں قید دو خاتون فلم سازوں کی حمایت میں پیغام جاری کیا تھا۔