پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری بیرسٹر سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ گزشتہ روز احتجاج میں عوام کی کم تعداد پر پارٹی میں مشاورت کی جائے گی اور بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اس بارے میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ راجا نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے توشہ خانہ ٹو اور سائفر کیسز کو غیر آئینی اور غیر قانونی قرار دیا، اور عدالتی کارروائی میں وکلا، میڈیا اور اہلخانہ کو داخلے سے روکنے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔
انہوں نے بتایا کہ وہ اور محمود خان اچکزئی رات گئے تک چکری انٹرچینج پر عمران خان کی بہنوں کے ہمراہ موجود رہے، لیکن احتجاج میں متوقع عوامی شرکت نہ ہو سکی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی ایم این اے یا رہنما نے شرکت نہ کرنے کی معقول وجہ نہیں دی تو اسے جواب دہ ہونا پڑے گا۔
راجا نے اعتراف کیا کہ احتجاج بہتر طریقے سے منظم کیا جا سکتا تھا، لیکن اس کوشش کو مثبت پیش رفت قرار دیا اور کہا کہ آئندہ مزید موثر انداز میں احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات اسی صورت ممکن ہیں جب عدالتی احکامات کی پاسداری ہو، بصورت دیگر کسی بھی قسم کی بات چیت کا کوئی فائدہ نہیں۔









