لاہور (سپورٹس ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)پلیئر آف دی منتھ قرار پانے والی پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی بیٹر سدرہ امین نے کہا ہے کہ بہترین کھلاڑی قرار پانے کی ایک خواہش تھی جو پوری ہو گئی ہے۔
سدرہ امین نے پاکستان کا پہلی مرتبہ دورہ کرنے والی آئرلینڈ کی ویمن ٹیم کے خلاف ہوم سیریز میں کھیلے جانے والے ون ڈے میچز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔سدرہ امین نے تین ون ڈے میچز کی سیریز میں 277 رنز اسکور کیے، انہوں نے پاکستان کی طرف سے ایک اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا بھی ریکارڈ اپنے نام کیا، انہوں نے 151 گیندوں پر ناقابل شکست 176 رنز بنائے، یہ ویمن کرکٹ کا پانچواں سب سے زیادہ انفرادی اسکور ہے۔
سدرہ امین نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پلیئر آف دی منتھ بننے کی میری خواہش پوری ہو گئی، میں جب دوسری کرکٹرز کو اعزاز حاصل کرتے ہوئے دیکھتی اور ان کی آئی سی سی پلیٹ فارم پر تصویر دیکھتی تو میں بھی چاہتی تھی کہ میرا بھی اس فہرست میں نام آئے۔ اس کے لیے میں نے محنت بھی کی، نومبر میں میری جس طرح کی کارکردگی تھی مجھے یقین تھا کہ میں ضرور یہ اعزاز حاصل کر سکتی ہوں، اب میں بھی آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ بنی ہوں تو مجھے بہت خوشی ہو رہی ہے۔قومی ویمن ٹیم کی بیٹر نے کہا کہ پاکستان ویمن کرکٹرز آئی سی سی ایوارڈز حاصل کر رہی ہیں، پلیئر آف دی منتھ بھی قرار پا رہی ہے، حال ہی میں ندا ڈار کا نام آیا اور اب میرا نام آیا۔
انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ کھلاڑی انفرادی طور پر اچھا پرفارم کر رہی ہیں، جلد ٹیم کی مجموعی کارکردگی میں بھی تسلسل آئے گا، ندا ڈار کے بعد مجھے اب اعزاز ملنے سے دیگر کھلاڑی بھی متحرک ہوں گی۔سدرہ امین نے یہ بھی کہا کہ آئندہ ماہ آسٹریلیا میں سیریز کھیلنے کی منتظر ہیں، آسٹریلیا عالمی چمپئن ہے، اچھا مقابلہ کرنے کی کوشش کریں گی، اس کے بعد فروری میں جنوبی افریقہ میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے بھی بھرپور تیاری کی ہے۔
٭