احسن اقبال

بھارتی جارحیت پر پاک فوج نے دشمن کو دھول چٹا دی ،گیارہ جہاز گرا کر دشمن کو حیران کردیا’ احسن اقبال

نارووال (نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت پر پاک فوج نے دشمن کو دھول چٹا دی اور گیارہ جہاز گرا کر دشمن کو حیران کردیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جشن معرکہ حق کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔احسن اقبال نے کہا معرکہ حق اور بنیان المرصوص کی پہلی سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ بھارتی جارحیت پر پاک فضائیہ نے دشمن کو دھول چٹا دی اور پہلی رات بھارت کے 11 جہاز گرا کر دشمن کو حیران کردیا گیا۔ انہوں نے کہا امریکہ کے صدر ٹرمپ آج بھی بھارتی جہاز گرائے جانے کا ذکر کرتے ہیں۔پاک افواج کی کارروائیوں کی چیخیں واشنگٹن تک سنی گئیں۔ پاک فوج نے بھارت کے ہوائی اڈے اور دفاعی نظام تباہ کر دئیے ۔ احسن اقبال نے کہا پاک فوج نے معرکہ حق میں تاریخی کامیابی حاصل کر کے پاکستان کو نئی پہچان دی۔

دنیا نے پاکستان کو مضبوط اور ناقابلِ تسخیر ریاست تسلیم کیا۔ جرمنی میں پاکستانی پاسپورٹ کو مضبوط قوم کی علامت قرار دیا گیا۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ایران امریکہ جنگ بندی میں پاکستان کے کردار کی پوری دنیا معترف ہے۔اس موقع پر معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔قبل ازیں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے معرکہ حق کے غازیوں اور شہدا کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں ملی نغموں، موسیقی اور ثقافتی رنگوں سے بھرپور محفل سجائی گئی۔

قومی جذبوں سے بھرپور ملی نغموں پر شرکا کا جوش و خروش دیدنی رہا۔ فنکاروں کی شاندار پرفارمنس پر شرکا نے بھرپور داد اور تالیوں سے اظہارِ محبت کیا۔تقریب کے اختتام پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ، آسمان رنگ و نور سے جگمگا اٹھا۔ معرکہ حق کے غازیوں کی بہادری اور قربانیوں کو زبردست انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ لکھیں