سرگودھا( حافظ صدیق گوندل) اینٹی کرپشن سرگودھانے ولی محمد پٹواری کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ ملزم ولی محمد پٹواری سے رشوت کی رقم 10ہزار روپے نشان زدہ نوٹ مجسٹریٹ کی موجودگی میں برآمد کرکے مقدمہ درج کر لیا
ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب کی ہدایات اور بابر رحمان وڑائچ،ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرگودھا کی سربراہی میں اینٹی کرپشن سرگودھا نے، سرگودھا ڈویژن میں حکومت پنجاب کے زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت روزانہ کی بنیاد پراپنی کاروائیاں تیز کی ہوئی ہیں تفصیلات کے مطابق احسن افضل ولد محمد افضل سکنہ چک نمبر 99 شمالی نے ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرگودھا کواطلاع دی کہ ولی محمد پٹواری نے اپنے حلقے میں رشوت کا بازا گرم کیا ہوا ہے، بندہ نے عکس شجرہ بنوانے کے لیے پٹواری سے رابطہ کیا جس نے سائل سے 10ہزار روپے رشوت وصول کرنے کا مطالبہ کیا. جس پر ریجنل ڈائریکٹوریٹ اینٹی کرپشن سرگودھا کی خصوصی ٹیم نے کہا کہ آپ پٹواری کو رشوت نہ دیں بلکہ اُسے رشوت دیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کروائیں۔
اینٹی کرپشن سرگودھا کی خصوصی ٹیم کی کاوشوں سے مدعی مقدمہ احسن افضل ولد محمد افضل ملزم ولی محمد پٹواری پر ریڈ کروانے کے لیے راضی ہو گیا۔جس پر ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرگودھا نے محمد اکرم، سرکل آفیسر اینٹی کرپشن سرگودھا کو ریڈ کرنے کا حکم دیا سرکل آفیسر، اینٹی کرپشن سرگودھا نے ریڈنگ ٹیم کے ساتھ مل کر جوڈیشل مجسٹریٹ کی نگرانی میں ریڈ کیااور دوران ریڈ ملزم ولی محمد پٹواری کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا اور رشوت کی رقم مبلغ10ہزار روپے موقع سے برآمد کر کے ملزم پر مقدمہ نمبر6/2020تھانہ اینٹی کرپشن سرگودھا درج کرلیا۔ ملزم سے مزیدتفتیش جاری ہے۔