لاہور(ہیلتھ نیوز) اینٹی بائیوٹک ایزومیکس 250 ملی گرام کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا، جس میں عوام کو خبردار کیا گیا ہے کہ دوا ہرگز استعمال نہ کریں اور ادویات صرف مجاز میڈیکل اسٹورز اور فارمیسیوں سے خریدیں۔
رپورٹ کے مطابق محکمہ صحت پنجاب کے ڈائریکٹوریٹ آف ڈرگس کنٹرول نے جعلی ادویات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایزومیکس 250 ملی گرام کی ایک مخصوص کھیپ کو جعلی قرار دے دیا ہے اور اس حوالے سے فوری الرٹ جاری کردیا گیا۔الرٹ میں کہا گیا کہ ایزومیکس 250 ملی گرام کا بیچ نمبر H5332 جعلی قرار دیا گیا، جس کی میعاد جولائی 2027 تک ہے۔محکمہ صحت کا کہنا تھا کہ اس دوا پر اے جی پی لمیٹڈ کا نام درج ہے، تاہم کمپنی نے واضح کیا ہے کہ مذکورہ بیچ اس کی تیار کردہ اصل مصنوعات میں شامل نہیں۔
ڈائریکٹوریٹ آف ڈرگس کنٹرول نے فارمیسیوں، میڈیکل اسٹورز، ڈسٹری بیوٹرز اور دیگر طبی مراکز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس بیچ کی فروخت اور تقسیم فوری طور پر بند کریں، موجود اسٹاک الگ رکھیں اور متعلقہ ڈرگ انسپکٹر کو اطلاع دیں۔محکمہ صحت نے عوام کو بھی خبردار کیا ہے کہ وہ مذکورہ بیچ نمبر کی دوا ہرگز استعمال نہ کریں اور ادویات صرف مجاز میڈیکل اسٹورز اور فارمیسیوں سے خریدیں۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اگر اس دوا کے استعمال سے کسی قسم کا مضر اثر سامنے آئے تو اس کی فوری اطلاع پنجاب فارماکوویجیلنس سینٹر کو دی جائے تاکہ ضروری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔