واشنگٹن(انٹرنیشنل ڈیسک )امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس نے ایران کے ساتھ جنگ بندی اور امن معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے مشرق وسطی میں نئے دور کے آغاز کی علامت قرار دیا اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سفارتی کوششوں کو سراہا ہے ۔
فاکس نیوز کو دیئے گئے انٹرویو میں جے ڈی وینس نے کہا صدر ٹرمپ نے خلیجی ممالک اور علاقائی اتحادیوں کے ساتھ مل کر اس معاہدے کے لئے حقیقی سیاسی اور سفارتی گنجائش پیدا کی ہے، جس سے خطے میں بڑی تبدیلی ممکن ہو گی۔انہوں نے کہا صدر نے وہ حقیقی جگہ پیدا کی ہے جہاں اس خطے کو تبدیل کیا جا سکتا ہے اور اب امید ہے کہ ایرانیوں کے ساتھ ایک نیا دور شروع ہوگا۔
نائب صدر نے کہا امریکا اس بات پر پر اعتماد ہے کہ ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکے گا جو امریکی پالیسی کا بنیادی اور مستقل موقف رہا ہے، یہ پیش رفت امریکی عوامکےلئے ایک مثبت خبر ہے اور امید ظاہر کی کہ اس کے نتیجے میں توانائی کی قیمتوں میں کمی واقع ہو سکتی ہے۔جے ڈی وینس نے بتایا کہ وہ آئندہ ہفتے ہونے والی دستخطی تقریب میں شریک ہوں گے جبکہ یہ بھی امکان ہے کہ صدر ٹرمپ بھی اس موقع پر موجود ہوں۔