واشنگٹن (انٹرنیشنل نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران واقعی معاہدہ کرنا چاہتا ہے اور یہ امریکا اور ان لوگوں کے لیے اچھا ہو گا جو ہمارے ساتھ ہیں۔سوشل میڈیا پرجاری تازہ بیان میں صدرٹرمپ نے ڈیموکریٹس اور مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئےکہا کہ یہ نہیں سمجھیں گے کہ سیاسی مخالفت کے باعث میرے لیے اپنا کام صحیح طریقے سے کرنا اور مذاکرات کرنا کہیں زیادہ مشکل ہو جاتا ہے۔انہوں نے اپنے مخالفین کو مشورہ دیا کہ بس اطمینان رکھیں اور سکون سے بیٹھیں، آخر میں سب کچھ اچھا ہی ہوگا، ہمیشہ ایسا ہی ہوتا ہے۔
دریں اثنا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ مجوزہ معاہدے سے متعلق امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹنگ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاہدے میں ایران کے جوہری پروگرام پر نہایت مضبوط اور تفصیلی شقیں شامل ہیں۔صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں کہا کہ سی این این نے معمول کے مطابق فیک نیوز پھیلائی اور غلط طور پر یہ رپورٹ کیا کہ ایران سے متعلق معاہدے میں جوہری امور کا ذکر نہیں۔
ٹرمپ کے مطابق حقیقت یہ ہے کہ معاہدے میں واضح طور پر درج ہے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرے گا۔ جوہری معاملات اس معاہدے کا مرکزی حصہ ہیںٹرمپ کے مطابق معاہدہ نہایت مضبوط اور طویل تفصیل کے ساتھ جوہری امور کے مختلف پہلوں پر بات کرتا ہے۔ درحقیقت، معاہدے کا زیادہ تر حصہ اسی موضوع پر مشتمل ہے۔ٹرمپ نے اسی پوسٹ میں سی این این پر تنقید بھی کی اور سوال اٹھایا کہ آیا نئی ملکیت کے تحت یہ نیٹ ورک اپنی ساکھ بحال کر پائے گا یا نہیں۔