جنرل اسماعیل قانی

ایران جنگ نے امریکا کی ساکھ مکمل ختم کر دی، اسرائیل کے زوال کا عمل تیز کر دیا، جنرل اسماعیل قانی

تہران(انٹرنیشنل نیوز )ایرانی پاسداران کی قدس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل اسماعیل قانی نے کہا ہے کہ جنگ نے امریکا کی ساکھ مکمل ختم کر دی، جبکہ اسرائیل کے زوال کے عمل کو تیز کر دیا، مذاکرات کاروں نے ثالثوں سے مکمل اختیار کے ساتھ بات چیت کی۔

ایرانی میڈیا کو دئیے گئے انٹرویو میں اسماعیل قانی نے کہا ہے کہ شدید دباﺅ، وسیع تباہی اور سنگین حملوں کے باوجود مزاحمتی محور کا کوئی بھی گروپ میدان سے پیچھے نہیں ہٹا۔ انہوں نے کہا کہ دشمنوں کی تمام کوششوں کے باوجود مزاحمتی قوتوں کی ثابت قدمی برقرار رہی، جس نے مخالفین کو خوفزدہ کر دیا ہے۔

قانی کے مطابق خطے میں موجود مزاحمتی گروہوں نے ایران کے دفاع اور حمایت کےلئے خود فیصلہ کیا اور انہیں اس حوالے سے کسی قسم کی ہدایت نہیں دی گئی۔ انہوں نے لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے بارے میں کہا کہ اسے ختم نہیں کیا جا سکتا کیونکہ یہ صرف ایک تنظیم نہیں بلکہ دیگر طبقات کی بھی نمائندگی کرتی ہے۔قدس فورس کے سربراہ نے مزید کہا کہ اب تک دنیا نے حزب اللہ کی طاقت کا صرف ایک محدود حصہ دیکھا ہے اور اس کی حقیقی صلاحیت اس سے کہیں زیادہ ہے۔

انہوں نے ایرانی مذاکرات کاروں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کاروں نے ثالثوں سے مکمل اختیار کے ساتھ بات چیت کی۔ ادھر ایران کی فوج نے اعلان کیا ہے کہ امریکا کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کے نفاذ کے دوران مسلح افواج کی تیاری کی سطح پہلے سے کہیں زیادہ برقرار رکھی جائے گی۔ ایرانی فوج کے ترجمان کے مطابق معاہدے کی مدت کے دوران ایران اپنی دفاعی صلاحیتوں میں مزید اضافہ کرے گا۔ترجمان نے خبردار کیا کہ اگر دشمن نے معاہدے یا مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی کی تو ایران فوری اور سخت ردِعمل دے گا اور خطے میں فوجی صورتحال کو معاہدے سے پہلے والی حالت میں واپس لے جایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں