دفتر خارجہ

امریکہ ایران معاہدے پر عملدرآمد کیلئے پاکستان اپنا کردار ادا کرے گا، دفتر خارجہ

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں مستقل امن، استحکام اور مسائل کے سفارتی حل کی کوششوں کی حمایت ہمیشہ جاری رکھے گا، اسی سلسلے میں سوئٹزرلینڈ میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد کےلئے تکنیکی مذاکرات کا اہم دور شروع ہو رہا ہے۔ دفتر خارجہ سے جاری اعلامیہ کے مطابق ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ برگن اسٹاک میں ہونے والے مذاکرات کا میزبان پاکستان ہے اور وہ دونوں ملکوں کے درمیان طے شدہ مفاہمت پر عملدرآمد کے لیے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔

ترجمان دفترِ خارجہ نے پاکستان کی طویل سفارتی کوششوں کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس عالمی بحران میں پاکستان کی سہولت کاری اس کے اصولی، متوازن اور تعمیری موقف کی واضح مظہر ہے، پاکستان اس سے قبل امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والے ابتدائی مذاکراتی ادوار کی میزبانی بھی کر چکا ہے، پاکستان کے مسلسل سفارتی رابطوں کی بدولت ہی بالآخر فریقین اسلام آباد مفاہمتی یادداشت تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔

بیان کے مطابق ا س تاریخی موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ایران، قطر، سوئٹزرلینڈ اور امریکہ کے وفود سے الگ الگ دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، ان ملاقاتوں میں پائیدار امن کےلئے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا جائے گا۔ دوسری جانب سوئٹزرلینڈ کی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی قیادت میں امریکی وفد، ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف کی سربراہی میں ایرانی وفد اور پاکستان و قطر کے ثالثی وفود اس وقت سوئٹزرلینڈ کے برگن سٹاخ میں موجود ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں