اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور امریکا کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات، مشترکہ دلچسپی کے امور اور سکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پاکستان کو امریکا میں مطلوب شہریوں کے معاملے پر گفتگو کی گئی جبکہ بارڈر سکیورٹی، انسداد منشیات، کوسٹ گارڈز اور فرانزک کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
قائم مقام امریکی سفیر نے خیبرپختونخوا اور پنجاب میں سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کی۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی پیشکش خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی سرمایہ کاروں کو تیل اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کیے جائیں گے اور حکومت انہیں مکمل سہولت دے گی۔
نیٹلی بیکر نے کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے نئے مواقع تلاش کیے جا رہے ہیں۔ ملاقات میں وفاقی سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا اور ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ میجر جنرل نور ولی خان بھی شریک تھے۔









