واشنگٹن، تہران(انٹرنیشنل نیوز)امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا ہے کہ اس نے ایران پر بڑے پیمانے پر فضائی حملے کیے ہیں، حملوں میں پاسداران انقلاب کے درجنوں اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے جبکہ کم ازاکم تین افراد جاںبحق ہوگئے ۔ عالمی میڈیارپورٹس کے مطابق سینٹ کام نے جاری بیان میں بتایا کہ فوجی کمانڈ سینٹرز، میزائل اور ڈرون تنصیبات پر حملے کیے گئے، ساحلی نگرانی اور دفاعی مراکز سمیت بحری صلاحیتوں کو بھی ہدف بنایا گیا۔
امریکی فوج کے مطابق کارروائیوں کا مقصد امریکی افواج، تجارتی جہاز رانی اور خلیجی ممالک کو درپیش خطرات کو کم کرنا ہے۔ جمعرات کی صبح امریکا کی جانب سے ایران پر تازہ حملوں کے اعلان کے بعد ایران کے مختلف شہروں سے دھماکوں اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ایران کے جزیرے قشم میں ایک رہائشی عمارت پر ہونے والے امریکی حملے کے بعد امدادی کارروائیاںشروع کردئی گئیں جہاں ملبے سے ایک اور بچے کو زندہ نکال لیا گیا ہے جبکہ حملے میں 3 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے مطابق قشم جزیرے میں امریکی حملے کا نشانہ بننے والی رہائشی عمارت کے ملبے سے تیسرے بچے کو بھی زندہ نکال لیا گیا ہے۔
امدادی ٹیمیں اب بھی ملبہ ہٹانے میں مصروف ہیں اور باقی دو افراد کی تلاش جاری ہے۔رپورٹ کے مطابق جس عمارت کو نشانہ بنایا گیا، اس میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد رہائش پذیر تھے۔ امدادی اہلکار مسلسل کارروائیاں کر رہے ہیں تاکہ ملبے تلے دبے دیگر افراد تک جلد از جلد پہنچا جا سکے۔فارس نیوز کے مطابق زخمی ہونے والے دو دیگر بچے، جن کی عمریں 7 اور 9 سال ہیں، اسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔دوسری جانب ایرانی خبر رساں ایجنسی فارس نے ہرمزگان یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس حملے میں 3 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ جاںبحق ہونے والوں میں ایک میاں بیوی اور ان کا دو سالہ بچہ شامل ہے۔
امریکا نے ایران کے خلاف اپنی فوجی کارروائیاں مزید تیز کرتے ہوئے فضائی حملوں کے ساتھ بحری ناکہ بندی بھی سخت کر دی ہے ۔ اس سے قبل ایرانی میڈیا نے بتایا تھا کہ ایران کے جنوبی علاقوں اور قشم جزیرے میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں ہیں۔سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا نے صوبہ ہرمزگان کے ڈپٹی گورنر احمد نفیسی کے حوالے سے دعوی کیا کہ قشم جزیرے کے چاہ تنگو محلے میں ایک رہائشی مکان امریکی حملے کی زد میں آیا، جہاں ریسکیو ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔
نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم اور پریس ٹی وی نے بھی رہائشی علاقے پر حملے کی اطلاع دی، جبکہ تسنیم کے مطابق قشم شہر میں تین دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔اس دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فاکس نیوز سے گفتگو میں ایران کے خلاف سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا، ہم ان پر بھرپور حملہ کریں گے، انہیں بری طرح مار پڑے گی۔ ٹرمپ نے دعوی کیا کہ امریکی فوج نے تمام میزائل کامیابی سے تباہ کر دئیے اور کارروائی عراقی حکومت سے اہم آہنگی کے تحت کی گئی۔
انہوں نے ایران کی حمایت یافتہ ملیشیاﺅ ں کو دنیا کے لئے ناسور قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی انتظامیہ ان گروہوں کے خلاف مزید اقدامات پر بھی غور کر رہی ہے۔دوسری جانب ایران نے تصدیق کی ہے کہ اس نے اردن میں موجود امریکی فوجی اڈوں اور آبنائے ہرمز میں جہازوں کو نشانہ بنایا، جبکہ عمان کی جانب سے آبنائے ہرمز کا مشترکہ انتظام سنبھالنے کی تجویز بھی مسترد کر دی۔ آبنائے ہرمز دنیا میں تیل اور گیس کی ترسیل کے لیے اہم ترین بحری راستوں میں شمار ہوتی ہے۔
د وسری جانب خوزستان میں ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے کے ایک نامہ نگار نے بتایا ہے کہ صوبے کے کم از کم چار شہروں، شادگان، اروندکنار، آبادان اور اہواز میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، صرف اہواز میں سات دھماکے سنے گئے۔اسی دوران ابوموسی اور کیش کے جزیروں کے علاوہ قشم کے سمندری علاقے اور آبنائے ہرمز میں بھی دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ صوبہ فارس کے شہروں نورآباد ممسنی اور کازرون سے دھماکوں کی آوازیں سنائی دینے کی متعدد اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔