اسلام آباد(نیوز ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مزید 4 سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن ختم کرتے ہوئے اس حوالے سے نوٹیفکیشنز جاری کردئیے۔ نوٹیفکیشنزکے مطابق سیاسی جماعتوں کو مختلف وجوہات کی وجہ سے ڈی لسٹ کیا گیا ہے ۔ای سی پی کی جانب سے جن سیاسی جماعتوں کو ڈی لسٹ کیا گیا ہے، ان میں ٹیکنالوجی موومنٹ پاکستان، عوامی جمہوری پارٹی پاکستان،ہم عوام پاکستان پارٹی اور پاکستان ریفارم پارٹی شامل ہیں۔
ان سیاسی جماعتوں کو انٹرا پارٹی انتخابات،سالانہ گوشوارے اور دیگر تقاضے پورے نہ کرنے پر ڈی لسٹ کیا گیا ہے۔ ان 4 سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن منسوخی کے بعد سیاسی جماعتوں کی تازہ فہرست جاری کردی گئی ہے، جس کے مطابق الیکشن کمیشن میں درج سیاسی جماعتوں کی تعداد کم ہوکر 164 ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی اور ٹی ایل پی بغیر کسی تنظیم کے فہرست میں موجود ہیں۔ الیکشن کمیشن اس سے پہلے پاک سرزمین پارٹی،استحکام پاکستان تحریک کو ڈی لسٹ کرچکا ہے جب کہ الیکشن کمیشن نے پاکستان جسٹس اینڈ ڈیمو کریٹک پارٹی سمیت 8 سے زائد سیاسی جماعتوں کو بھی ڈی لسٹ کیا ہے۔