اسلام آباد(کورٹ رپورٹر) قومی احتساب بیورو (نیب)نے القادر یونیورسٹی اراضی کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما زلفی بخاری کو دستاویزات کے ساتھ طلب کر لیا۔نیب راولپنڈی نے پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری کو ایک اور نوٹس جاری کرتے ہوئے 9جنوری کو پیش ہونے کا کہا ہے۔
نیب راولپنڈی کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیاکہ القادر یونیورسٹی ٹرسٹ کی زمین منتقلی کا ریکارڈ ہمراہ لایا جائے، نجی ہائوسنگ سوسائٹی سے زمین کی خریداری کا رجسٹری ریکارڈ بھی فراہم کیا جائے۔نیب راولپنڈی کی جانب سے طلبی پر زلفی بخاری نے ردعمل میں کہا کہ بطور گواہ نیب مجھے طلب کر رہی ہے، یہ انتقامی ہتھکنڈہ ہے، کسی صورت پیچھے نہیں ہٹوں گا۔زلفی بخاری نے کہاکہ یونیورسٹی جو اسلامی تعلمات کیلئے کردار ادا کر رہی ہے اس پر مجھے مجرم بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، میں ہر حربے کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہوں، اس ملک میں مسائل کا واحد حل الیکشن ہے۔
٭٭٭٭









