قاہرہ(انٹرنیشنل نیوز)مصری دارالحکومت قاہرہ میں مصری فلسطینی سربراہی اجلاس منعقد ہوا جہاں مصری صدر عبدالفتاح سیسی نے فلسطینی صدر محمود عباس کا استقبال کیا۔
میڈیارپورٹس کے مطقب مصر کے ایوان صدر کے سرکاری ترجمان احمد فہمی نے بتایا کہ صدر سیسی نے فلسطینی دھڑوں کے اجلاس کی میزبانی کا خیرمقدم کیا جو کل نئے شہر العلمین میں منعقد ہوا اور اس اجلاس میں فلسطینی صدر بھی موجود تھے۔
اجلاس میں ریاست کی تقسیم کے خاتمے اور فلسطینی قومی اتحاد کی بحالی کے حوالے سے مختلف مسائل اور معاملات پر بات چیت کی گئی۔احمد فہمی نے کہا کہ فلسطینی صدر نے اشارہ کیا کہ دھڑوں کی یہ ملاقات بین الاقوامی، علاقائی اور زمینی سطح پر ہونے والی اہم پیش رفت کی روشنی میں ہو رہی ہے ۔ یہ قومی مفاہمت کے حصول کے بہترین طریقے پر تبادلہ خیال کا موقع فراہم کر رہی ہے۔
احمد فہمی نے مزید کہا کہ اس ملاقات میں فلسطینی کاز سے متعلق متعدد امور کے حوالے سے موقف اور نقطہ نظر کو مربوط کرنے کے طریقوں پر گفت و شنید کی گئی۔ خاص طور پر امن عمل کو بحال کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ فلسطینیوں کے جائز حقوق کے تحفظ کی ضرورت اور اس حوالے سے کوششوں کو جاری رکھنے پر بات کی گئی۔ دو ریاستی حل پر مبنی جامع، منصفانہ اور دیرپا امن کے حصول پر زور دیا گیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ 4 جون 1967 کے خطوط پر ایک ایسی آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام پر زور دیا گیا جس کا دارالحکومت مشرقی القدس ہو۔ بین الاقوامی قانون، متعلقہ بین الاقوامی قانونی قراردادوں اور عرب امن اقدام کے مطابق یہ ایک ایسی ریاست ہو جس سے خطے کے تمام لوگوں کے لیے سلامتی، استحکام اور خوشحالی حاصل ہو جائے۔